پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،جماعت اسلامی نے مظاہروں کا اعلان کر دیا


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12روپے کا اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ مرکزی امیر سراج الحق کی اپیل پر کل صوبہ بھر کے ضلعی اور تحصیل ہیڈکوآرٹرز میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سینیٹ سیکرٹریٹ میں تحریک جمع کرادی ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر سرتسلیم خم کرلیاہے۔پٹرول کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور ظلم ہے۔ پی ٹی آئی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافے سے بڑی تباہی آئے گی۔ حکومت فی الفور اضافہ واپس لے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی پچاس فیصد کم کی جائیں۔

المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان مقامی اوربین الاقوامی مافیاز کی چراگاہ بنا ہواہے۔ حکومت اور اپوزیشن پہلے دن سے ہی ایک صفحے پر ہیں۔جن لوگوں نے آئی ایم ایف سے جان چھڑانی تھی انھوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے قدموں میں ڈال دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔