ریاض (صباح نیوز)سعودی عرب کا دوسرا امدادی طیارہ کنگ سلمان سینٹر فار ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف کے ذریعے شامی عوام کی مدد کے لئے دارالحکومت دمشق پہنچ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امدادی طیارہ کے ذریعے خوراک، طبی سامان اور پناہ گاہوں کا سامان دمشق ایئرپورٹ بھیجا گیا ۔شاہ سلمان مرکز نے بتایا ہے کہ زمینی اور فضائی پل میں شام میں ایندھن کی ضروریات کو بھی شامل کیا گیا ۔ شام کے لئے امدادی پل کے تحت سرگرمیاں نتائج کے حصول تک جاری رہیں گی۔
مرکز نے مزید کہا کہ اب مرکز شام میں ضرورت کے تمام مقامات تک پہنچنے کے قابل ہوگیا ۔ یہ اقدام سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے کردار کے فریم ورک کے اندر آتا ہے۔ مختلف تنازعات اور بحرانوں میں گھرے دوست ممالک کی مدد کے لئے سعودی عرب کے نقطہ نظر کے مطابق دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کے کاموں کی حمایت کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی ترقی اور انسانی ہمدردی کے لئے کام کرنے والے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے شام کے لئے امدادی فضائی پل کا آغاز کیا ہے ۔ اس پل کے تحت دو طیارے 53 ٹن امدادی سامان لے کر شام جا چکے ہیں۔