مونٹی نیگرو ، مسلح شخص کی فائرنگ،دوبچوں سمیت 10افراد قتل

پودگوریکا(صباح نیوز)جنوب مشرقی یورپ کے ملک مونٹی نیگرو میں ایک ہوٹل میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 2 بچوں سمیت 10 افراد کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مسلح شخص نے 8 افراد کو ہوٹل کے اندر اور دو بچوں کو ہوٹل کے باہر سڑک پر گولی ماری۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کی واردات سے قبل ہوٹل میں مسلح شخص کا جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے فائرنگ شروع کردی۔ بعد ازاں 45 سالہ ملزم ہتھیار پھینک کر فرار ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق لاشوں کو ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔مونٹی نیگرو کے وزیر اعظم نے واقعہ کو ایک خوفناک سانحہ قرار دیتے ہوئے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ علاوہ ازیں مونٹی نیگرو کی پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ۔