اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی لیڈرشپ میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد میں قومی اقتصادی پلان اڑان پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ اڑان پاکستان پروگرام دو اہم نکات کا احاطہ کرتا ہے۔ نجی شعبے کو ملک کو چلانا ہے، ہمیں بحیثت قوم کھڑا ہونا ہوگا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کائبور اس وقت 12 فیصد کے قریب ہے، کائبور ریٹ نجی شعبے کیلیے بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے معاشی استحکام ناگزیر ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیفالٹ ریٹ میں 93 فیصد کمی ہونا بڑی کامیابی ہے، اس کے علاوہ مہنگائی میں بھی واضح کمی واقع ہوئی ہے، اور پالیسی ریٹ 13 فیصد پر آگیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری تیزی کے ساتھ آرہی ہے، ایس آئی ایف سی کی کاوشیں سرمایہ کاری کیلیے اہم ہیں۔ پاکستان نے مالی سال میں سرپلس 24 سال بعد حاصل کیا، ملک میں میکرو اکنامک استحکام آچکا ہے۔ اب ہم نے مزید گروتھ کی طرف جانا ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ برآمدات کو استحکام دیں گے، مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ ہوگا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ اب ہم مستحکم نمو کی طرف جارہے ہیں۔ افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد پر آگیا ہے۔ سال 2028 تک 6 فیصد سے زیادہ جی ڈی پی گروتھ حاصل کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت پلاننگ کی بات نہیں بلکہ عملدرآمد کی بات کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی جارہی ہے، ٹیکس پالیسی میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ ٹیکس پالیسی کو ٹیکس اکٹھے کرنے سے الگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی یونٹ کو حکومت اور نجی شعبے کی مدد سے چلائیں گے۔ ٹیکس کے معاملے میں ہمیں لیکج کو روکنا ہے،اڑان پاکستان پروگرام کے تحت حکومت 2029 تک برآمدات کو 60 ارب ڈالرز تک لے جائیگی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہزاروں آئی ٹی گریجویٹس کا اضافہ ہوگا۔پروگرام کے تحت پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالرز کی معیشت کی بنیاد فراہم کی جائیگی۔ اس پروگرام میں آئی ٹی کی برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات اور توانائی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔۔