اسلام آباد(صباح نیوز)سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی لیڈر اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا مذاکرات کی میز پر آنا بڑی پیش رفت ہے، حکومت نے بھی خوش دلی سے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے ، ہم کھلے دل سے اس معاملے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں ،مذاکرات کی کامیابی کے امکانات موجود ہیں ۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت سیاسی مسائل کے حل کے لئے سیاستدانوں کے مل بیٹھنے کے لئے ایک روشن مثال ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت پہلے بھی مل بیٹھتی رہی ہے ،ان کے طرز سیاست سے واقف ہوں ، بانی پی ٹی آئی کی طرز سیاست اور سٹائل مختلف ہے جس کی وجہ سے پہلے مل بیٹھنے کا امکان شاید نہیں تھا لیکن اب حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیاں مل بیٹھی ہیں، اگر دونوں کمیٹیان کسی نتیجہ پر پہنچ جاتی ہیں جس کا اظہار رانا ثنا اللہ نے بھی کیا ہے تو متفقہ سفارشات تیار ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری نظریں 2 تاریخ پر لگی ہوئی ہیں ،وہ اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ لائیں گے، حکومتی کمیٹی مطالبات کا جائزہ لے گی اورممکنات اور مشکلات کو دیکھا جائے گا اور یہ عمل آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے جذبات کو محسوس کر سکتا ہوں کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ بات چیت طویل نہ ہو اور مطالبات وقت پر پورے ہوں، ہماری بھی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کی31 جنوری کی ڈیڈ لائن سے پہلے معاملات طے پا جائیں۔
سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت بھی نہیں چاہتی کہ چیزوں کو الجھائے رکھے اور الجھائے رکھنا کسی کے بھی حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کمیٹی سے باہر کے رہنمائوں کے بیانات سے مذاکرات متاثر نہیں ہونے چاہیئے۔ترجمان مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ وہ پر امید ہیں اور جب لیڈر مل بیٹھیں گے تو مسائل حل ہونے کی امید ہوتی ہے ۔ اگر دونوں کمیٹیاں کسی نتیجے پر پہنچ جاتی ہیں تو ہمارے پاس تجاویز ہوں گی جنہیں لے کر آگے بڑھا جائے گا،کسی بھی مذاکرات کی کامیابی فریقین کے اتفاق رائے کا تقاضا کرتی ہے ۔
عرفان صدیقی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مسائل کے حل اور ملک کو آگے بڑھانے کے لئے کئی بار تعمیری بات چیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کی بہتری کے لیے مذاکرات کی دعوت دی ہے، مسلم لیگ(ن) نے معاشی استحکام کے حصول کے لیے چارٹر آف اکانومی تجویز کیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکراتی کمیٹی جمہوری طریقوں کے مطابق بات چیت کے لئے اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔ عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ معاملات کو پیچیدہ بنانا حکومت کے حق میں نہیں ہے ۔