نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر چکی ہے، جس سے نہ صرف عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ مہنگائی کی شرح اب ساڑھے چار فیصد تک آ چکی ہے، جو عوام کو ریلیف دینے کی جانب اہم قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم آباد تا سنکھترہ روڈ کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبے سست پڑ گئے تھے، جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ترقی کے عمل کو روک کر عوام کے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیا، مگر اب مسلم لیگ ن نے ترقیاتی سکیموں کو دوبارہ شروع کر دیا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ جو 30 ہزار پوائنٹس تک گر گئی تھی، اب ایک لاکھ پوائنٹس سے اوپر جا رہی ہے، جو ملک کی معیشت کی بہتر حالت کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ مہنگائی کی شرح جو 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی، اب ساڑھے چار فیصد تک آ چکی ہے، جو عوام کو ریلیف دینے کی جانب اہم قدم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رحیم آباد تا سنکھترہ روڈ کی تکمیل عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے پورا کر دیا گیا ہے۔ اس روڈ کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو سفری سہولتیں ملیں گی اور تجارت و معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا نیا آغاز کر چکی ہیں، جس سے نہ صرف عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی خدمت میں یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کیا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔رحیم آباد سنکھترہ روڈ کو 36 کروڑ روپے کی لاگت تعمیر کیا جائے گا۔ رحیم آباد سنکھترہ روڈ کی تعمیر سے تین حلقوں کی عوام کا ناروال تک کا سفر 15 منٹ اور سیالکوٹ کا سفر 45 منٹ کی مسافت پر ہوجائے گا۔اس موقع پروفاقی پارلیمانی سیکرٹری انوار الحق چوہدری، چیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی احمد اقبال، سابق مشیر وزیراعلی کرنل شجاعت حسین، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، چیرمین ٹاسک فورس جیل خانہ جات رانا منان خاں بھی موجود تھے