صدر و وزیراعظم کا جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی کوریا میں ایئرپورٹ پر مسافر طیارے کے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوانِ صدر پریس ونگ سے اتوار کو جاری تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے جنوبی کوریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارافسوس کیا اور واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا، طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں جنوبی کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں لینڈنگ کیدوران طیارے میں آگ لگ گئی جس سے  125  افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے، مسافر طیارہ بنکاک سے موان پہنچا تھا۔