سیئول(صباح نیوز)جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 85افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث اتوار کی صبح 9بج کر 7منٹ پر پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔ طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے،۔حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے،
جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ،زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ا ہسپتا ل منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔جنوبی کوریا کی قومی ائیر لائن نے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 85 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی،ہلاک ہونے والے 85 افراد میں 46 خواتین اور 39 مرد شامل ہیں ۔ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔