کراچی (صباح نیوز)پارا چنار واقعہ پر کراچی میں جاری دھرنے دو مقامات سے ختم کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔کرم واقعہ پر مذہبی جماعت کے دھرنے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں کئی اہم شاہراہیں اور چوراہے بند ہیں۔کراچی میں ملیر 15 نمبر اور نیشنل ہائی وے ٹائون شپ پر دھرنا ختم کر دیا گیا جس کے بعد دونوں مقامات پر سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔شہر قائد کے 10 مقامات پر تاحال دھرنے جاری ہیں،
احتجاج نمائش چورنگی، شارع فیصل، گولیمار، نارتھ کراچی پاور ہائوس چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر کیا جا رہا ہے، ابو الحسن اصفہانی روڈ عباس ٹائون، فائیو سٹار چورنگی، سرجانی ٹائون کے ڈی اے فلیٹس، شارع پاکستان، گلستان جوہر کامران چورنگی پر بھی دھرنے جاری ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، ٹریفک کو متبادل روٹ سے گزارا جا رہا ہے۔