آج طبقہ اشرافیہ اقتدار پر قابض ہو کر من مانی کرنے لگا ہے ، امیر العظیم


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری امیر العظیم نے کہا کہ عمل ہی دعوت کی سب سے مضبوط دلیل ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ اللہ اور اس کے رسولۖ سے جوڑنے کی دعوت دینے والا فرد لوگوں کواپنی شخصیت اور کردار سے گواہی دے ، خدا کے بندوں کو خدا کے نزدیک لانے کا کام صبر آزما ہے اور طویل بھی ، اس لیے داعی دین کو ہمیشہ ذاتی محاسبہ کرتے رہنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت جامع مسجد طیبہ زمان ٹائون میں ایک روزہ ”فیملی تربیتی اجتماع ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،مولانا عطا الرحمن ، امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ،ٹائون چیئر مین لانڈھی عبد الجمیل خان ، سابق امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے بھی خطاب کیا ۔ اجتماع میں کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امیر العظیم نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سوسائٹی میںرائج عام معنوں میں روایتی سیاسی ، مذہبی جماعت نہیں ہے ، چند گوشوں اور رسومات تک محدود ہونے کے بجائے زندگی کے ہر شعبے میں اسلام کا غلبہ قائم کرنے کی عالمی تحریک ہے ۔ بد قسمتی سے گزرتے وقت کے ساتھ یہ تصور اسلام لوگوں کی اکثریت کے ذہنوں سے نکل گیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دین دشمن بااثر طبقہ  اشرافیہ زندگی کے اہم شعبوں پر فیصلہ کن طاقت کے ساتھ اقتدار پر قابض ہو کر من مانی کرنے لگا ، آج ہمارے معاشرے میں دکھائی جانے والی بے چینی اور بد امنی کا واحد سبب اس طبقہ کی دین و دنیا میں پیدا کی ہوئی تقسیم ہے وقت کے ساتھ  یہ تفریق مزید گہری ہو گئی ہے ۔

جماعت اسلامی اس غیر فطری زندگی کو ختم کرنے کی جدو جہد کر رہی ہے ، اس سلسلے میں ساری سرگرمیوں کا محور و مرکز صرف اقامت دین ہے ۔جماعت اسلامی کے نمائندوں کو جب بھی عوامی خدمت کا موقع ملا بے پناہ صلاحیتو ں ، امانت و دیانت کا مظاہرہ کیا ،بنگلہ دیش میں بھی جماعت اسلامی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ان پر قید و بند کے پہاڑ توڑے گئے مگر وہ ثابت قدم رہے اور آج پہلے سے زیادہ منظم ہیں ۔  توفیق الدین صدیقی نے کراچی کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی متحرک ہے۔ انہوں نے کارکنان کو محلہ کمیٹیاں بنانے کی ہدایت دی تاکہ عوامی مسائل کے فوری حل اور دعوتی کام کو مزید منظم کیا جاسکے۔جماعت اسلامی کی شہر کی تعمیر وترقی کے حوالے سے خدمت کی تاریخ ہے ، عوام نے جب بھی جماعت اسلامی کو نمائندگی دی اس نے تعمیر و ترقی کے مثالی کام کروائے، اسی وجہ سے لوگ آج تک عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں کروائے گئے ترقیاتی کاموں کو یاد کرتے ہیں ۔

مولانا عطا الرحمن نے درس قرآن پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ہر دور کے انسان کی رہنمائی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کو زندگی کے ہر پہلو میں نافذ کرنا اور اس کی روشنی میں اپنے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی کامیاب زندگی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کے پیغام کو سمجھ کر اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی اور کورنگی کی 25 لاکھ کی آبادی میں دعوت کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ چاہے بلدیاتی کام ہو، درس قرآن کی محافل، یا عوامی مسائل، ہمیں عوام کو ساتھ ملا کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہمارے دائرہ اثر میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ مسائل کے حل کے ساتھ عوام میں دین اور پاکستان سے محبت بھی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سرگرمیوں کا محور و مقصد رضائے الہی کا حصول ہونا چاہیے۔فاروق نعمت اللہ نے کارکنوں کے باہمی تعلقات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، محبت، اور باہمی تعاون جماعت کی کامیابی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کو فروغ دیں۔