جماعت اسلامی سندھ کا صوبہ میں بدامنی ڈاکو راج سمیت سندھ کے سلگتے مسائل پر12جنوری کو سکھر میں آل پارٹیز کانفرس بلانے کاعلان


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ نے صوبہ میں بدامنی لاقانونیت ،ڈاکوراج اورعوام کے سلگتے مسائل پر12جنوری کو کل جماعتی کانفرس طلب کرکے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کااعلان کردیا۔آل پارٹیزکانفرنس میں تمام سیاسی،دینی ،قوم پرست جماعتوں ،سول سوسائٹی کے نمائندوں کو دعوت دی جائے گی۔ امیر کاشف سعید شیخ نے قمبرعلی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 78سال سے ملک پر حکمرانی کرنے والی اشرافیہ نے پاکستانی قوم کو بھوک، بدامنی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، جبکہ ملک کے حکمرانوں کے ذاتی اثاثے دن بہ دن دگنے ہوتے جا رہے ہیں۔

حکومت ملک کے65فیصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ نشے کی لت ذہنی امراض سمیت دیگر سماجی برائیوں کا شکار ہو رہا ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16 سالہ بدترین حکمرانی کی وجہ سے سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ واٹر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے لوگ سیوریج کا پانی پینے پر مجبور ہیں جب کہ یونیسیف جیسے بین الاقوامی ادارے کی سروے رپورٹ کے مطابق سندھ میں آج بھی 63 لاکھ بچے دو وقت کا کھانا کھائے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دریائے سندھ پر غیر قانونی نہروں کی تعمیر کے خلاف پیپلز پارٹی کا دوہرا معیار ہے 8 مئی کو ایوان صدر میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں آصف علی زرداری نے نہروں کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جبکہ سندھ اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے مخالفت کی جا رہی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سندھ کے عوام کو بیوقوف سمجھتی ہے۔ ایسا دوہرا معیار اپناکر پیپلزپارٹی عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتی کیونکہ سندھ کے عوام دریائے سندھ پر غیر قانونی نہروں اور سندھ کے وسائل کی لوٹ مار اور ہر قسم کی یلغار کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ وفاقی حکومت سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو بنجر اور دریائے سندھ کو خشک کرکے صرف 37 لاکھ ایکڑ بنجر زمین کو آباد کرنے کی سازش کررہی ہے۔ یہ سندھ کے عوام کو ہر گز قبول نہیں۔ 12 جنوری کو سکھر شہر میں جماعت اسلامی کی میزبانی میں سندھ کے اہم مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے سندھی قوم کو بیدار کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی امیر منصور ابڑو، مقامی امیر امتیاز بھٹو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے ضلعی نائب امیر محمد برڑو کی ہمشیرہ اور مرحوم رہنمامحمد ایوب انصاری کی صاحبزادی کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور مرحومین کی مغفرت ودرجات کی بلندی کی دعا کی۔