باغ(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کی پابند ہے دشمن امت کو تقسیم کر کے اپنے مفادات حاصل کررہا ہے شام میں سنی حکومت فلسطین کی قیمت پر اچھی نہیں ہے پاکستان کو آئین کے مطابق چلایا جاتا تو آج پاکستان دنیا کی رہنمائی کررہا ہوتا۔کشمیر کا سودا کرنے والوںکو جماعت اسلامی اور عوام کوہالہ پل پر الٹا لٹکائیں گے ،بیس کیمپ کے حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی یونین کونسل جگلڑی کے زیر اہتمام تعمیر سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان ،سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی پروفیسر عتیق،راجہ فاروق ،راجہ شفیق ،راجہ ابرار، راجہ ریاض ،خورشید چغتائی ،راجہ محفوظ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ وحدت امت کی ضرورت ہے باہمی اختلافات سے امت کمزور ہوتی ہے دشمن فائدہ اٹھاتا ہے کشمیرکے اندر باہم اتحاد اور اتفاق اچھی علامت ہے اس کو برقرار رہنا چاہئے۔جماعت اسلامی کشمیری عوام کو یقین دلاتی ہے کہ صبح ازادی تک کشمیریوں کی پشتیبان رہے گی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے حکمران مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں عوام جماعت اسلامی سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں جماعت اسلامی نے تحریک ازادی کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور یہاں کے مسائل حل کرنے میں بھی کردار ادا کیا ہے عبدالرشید ترابی نے اسمبلی میں رہتے ہوئے این ٹی ایس کے ذریعے محکمہ تعلیم میں بھرتیاںکرائیں جس کی وجہ سے غریب کے بچے کے لیے سرکاری نوکری کے دروازے کھلے، قران کی تعلیم لازمی کرائی ،تعمیراتی کام کرائے جماعت اسلامی کو محدود موقع ملا ہے اس کے باوجود عوام کی ترجمانی کی عوام اعتماد کریں تو جماعت اسلامی آزاد خطے کی تقدیر بدل دے گی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ روایاتی پارٹیاں اور موروثی قیادت فیل ہو چکی ہے موروثی قیادت نے وسائل کا روخ اپنی نسل اور مسائل کا روخ عوام کی طرف موڑ دیا ہے۔بیس کیمپ کی قیادت نہ تو کشمیر کی آزادی کے لیے کچھ کررہی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل حل کررہی ہے عوام کے مسائل صرف جماعت ہی حل کر سکتی ہے جگلڑی کے عوام نے پہلے بھی جماعت اسلامی اور راقم پر اعتماد کیا اب بھی کریں گے حلقے کے مسائل حل کریں گے عوام کو بے یارومددگار نہیں چھوڑے گے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر قائدین نے جماعت اسلامی کی خدمات کی تحسین کی اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔