سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کہا ہے کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت اورکشمیریوں پر اس کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں بیان میں کہا کہ بھارت عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی مقبوضہ علاقے میں دھجیاں اڑا رہا ہے ، وہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے اور اپنے بے بنیاد بیانیے کو فروغ دینے کے لئے سچائی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔انہوں نے
کہا کہ مودی حکومت نے اگست 2019 میں جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد نہتے کشمیریوں پر اپنے مظالم میں تیزی لائی اور ان کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لئے ، وہ کشمیریوں کو گھروں ، زمینیوں اور دیگر املاک سے محروم اور کشمیری سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے معطل اور برطرف کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا اصل مقصد علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر نا ہے ۔
ترجما ن نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال علاقے میں حالات ٹھیک ہونے کے جھوٹے بھارتی بیانیے کی نفی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں حالات پرامن ہونے کا بھارتی دعوی ایک بھونڈے مذاق کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز نے حاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے ، مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں قابض بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کو بڑے پیمانے نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے حریت رہنمائوں ،کارکنوں ، نوجوانوں سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کررکھا
ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے بارے میں اپنی منظورہ کر دہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
#/S