ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

راولپنڈی(دنیا نیوز)ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 دسمبر 2024 ء کو ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں فتنہ الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے شہدا کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں شامل جمرود کے رہائشی سول کیمرہ ٹیکنیشن وقاص احمد شہید کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم و حوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش میں 16 جوان وطن پر قربان ہوگئے تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی مارے گئے تھے۔