جہلم(صباح نیوز)پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنونیئر برائے ایس ڈی جیز بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ صرف تختیاں لگائیں اور دعوے کئے، معاشی سطح پر ملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔
جہلم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات سمیت دیگر اقدامات جاری ہیں، ملک کی معاشی بہتری کا یہ سفر جاری وساری رہے گا، وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئے روز کسی نہ کسی منصوبے کا آغاز کرتی ہیں۔
مریم نواز نے صحت کے شعبے میں نمایاں کام کیا، 2018 ء سے 2022 ء تک رہنے والی حکومت نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی سطح پر ملک بہتری کی جانب گامزن ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی گئی ہے، مہنگائی کی شرح کم ہو کر گزشتہ 6 سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے، تحریک انصاف نے ہمیشہ تختیاں لگا کر منصوبے چھوڑے، معاشی بہتری کا سفر اور دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نوازشریف نے ملکی ترقی کیلئے موٹر ویز کے منصوبے شروع کئے تھے، بنیادی ڈھانچہ ہی ملک کی ترقی کی بنیاد بنتا ہے، جہلم روڈ پر کام کا آغاز ہوگیا، 2025 ء تک یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا، 128 کلومیٹر سڑک پر اب کام ہوتا ہوا نظر آئے گا، پی ٹی آئی نے سستی شہرت اور سیاست کیلئے پوری سڑک اکھاڑ دی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، شہدا قوم کے ہیروز ہیں انہیں سلام پیش کرتے ہیں، حکومت اور عسکری قیادت دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔