لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جے یو آئی (ف) عبدالغفورحیدری نے کہا کہ جب تک یہودی فلسطین میں تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مولانا عبدالغفورحیدری کا فلسطین زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، فلسطین پراسرائیل نے سازش کے تحت قبضہ کیا ہوا ہے، فلسطینی مسلسل مزاحمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی فلسطینیوں کیساتھ اظہاریکجہتی کررہی ہے، نیتن یاہونے غزہ کے مسلمانوں پرظلم کی انتہا کردی ہے، امریکا عالمی دہشتگرد ہے،جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے پیچھے امریکہ ہوتا ہے۔
مرکزی رہنما جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ52اسلامی ممالک آج تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کراسکے، جب تک یہودی فلسطین میں تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ مدارس بل پرہمارے بھائیوں کوٹی وی چینل پرلاکربٹھایا گیا، اگر وہ ہمارے ساتھ آتے ہیں تو بسم اللہ، ادھرجاتے ہیں توان کی مرضی، ہمارے مؤقف کواتفاق رائے سے تسلیم کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ یوٹرن لیتے ہیں تو پھراسلام آباد میں انسانوں کا سمندر رخ کرے گا، ان کو ہماری قوت کا پتہ ہے،آج بلوچستان اورخیبرپختونخوا جل رہا ہے، ملک میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔