سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے نہیں ہونے دیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ 9مئی کے 25ملزمان کو کل سزا دی گئی ہے کیونکہ انہوں نے ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ اور پاکستان کی سا  لمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے ملک کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا اور ہمارے امن و سکون سے سونے کے پیچھے قربانیوں کی داستان ہے۔ سیاست تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کر کرو  اور  اختلاف سیاستدانوں سے کرو شہداء سے تمہاری کیا دشمنی ہے۔ تم نے دفاعی  تنصیبات پر حملے کر کے دشمن کا خواب پورا کیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی دہشتگردی نہیں چل سکتی اور 9مئی کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہو گی۔ کیونکہ 9مئی ناقابل معافی جرم ہے۔ ہم سیاسی لوگ ہیں مذاکرات کے قائل ہیں۔ جبکہ ہم بات کرنا جانتے اور چاہتے بھی ہیں۔ تاہم سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے نہیں ہونے دیں گے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے باہر لابیز ہائیر کیں۔ اور ملک کے خلاف ٹرینڈ چلائے۔ سیاسی جماعتیں بعد میں ہیں ملک پہلے ہے۔ بجلی بلوں سے متعلق بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گرمیوں میں وزیر اعظم نے بجلی بلوں میں 50 ارب روپے کی سبسڈی دی۔ اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی بلوں میں 45 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی اور ابھی بجلی بلوں پر ونٹر پیکج بھی لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو وعدے کیے ان کی تکمیل ہو رہی ہے۔ اور مہنگائی ہمیشہ ن لیگ کے دور میں کم ہوئی ہے جبکہ ہمیشہ ترقی (ن) لیگ کے دور میں ہوتی ہے۔ دوست ممالک پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ کیونکہ دوست ممالک کو پاکستان کی قیادت پر اعتماد ہے۔