پاکستان اور جاپان کے درمیان 9.91 ملین ڈالر کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور جاپان کے درمیان خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کو بہتر بنانے کے حوالے سے گرانٹ پراجیکٹ پر دستخط ہوگئے۔جاپانی حکومت جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے مذکورہ گرانٹ ان ایڈ پراجیکٹ کے لیے 1.503 بلین جاپانی ین (9.91 ملین امریکی ڈالر) فراہم کرے گی

معاہدے پر دستخط کی تقریب منگل کووزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی منظوری کے بعد سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں موجود قائم مقام سفیر تاکانو شوئچی نے دستخط کئے۔ اس منصوبے کا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تشخیصی اور علاج کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ گرانٹ کی رقم سے زچہ و بچہ کی صحت کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کے لیے طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ضروری طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،جس سے علاقائی سطح پر صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پراقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اس منصوبے پر جاپانی حکومت کے مشکور ہونے کے ساتھ ساتھ پر عزم ہیں کہ زچہ وبچہ کی صحت کی دیکھ بھال میں بہتری کا منصوبہ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ اور آس پاس کے علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار کو بہتر بنائے گا۔علاوہ ازیں سیکرٹری اقتصادی امور نے منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے اور دونوں فریقین کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جاپانی حکومت اورعوام کی گرانقدر حمایت کو سراہا۔قائم مقام جاپانی سفیر تاکانو شوئچی نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے جاپانی حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔