ڈاکٹر عابد سلہری وزیراعظم کی شوگرسٹاک مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن مقرر


اسلام آباد(صباح نیوز وزیراعظم شہباز شریف نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو شوگرسٹاک کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کیلئے ایک مربوط نظام تشکیل دینے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔

یہ کمیٹی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی سربراہی میں کام کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور نامور ماہرین معاشیا ت بھی شامل ہونگے۔ کمیٹی کے قیام کا مقصد چینی کی پیداوار، کھپت اورسٹاک کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنا، تضادات کی نشاندہی کرنا اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کیلئے موثر فریم ورک تجویز کرناہے۔کمیٹی اپنی سفارشات دو ہفتوں کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ صارفین کے مفادات کا تحفظ، مارکیٹ کا استحکام اور معاشی کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈاکٹرعابد قیوم سلہری کی کمیٹی میںشمولیت حکومت کے پالیسی سازی میں مستند تحقیق اور ماہرین کی رائے کو شامل کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کا شمار ملک کے ممتاز ماہرین معاشیات میں ہوتا ہے اور وہ پائیدار ترقی اور معاشی پالیسیوں پر اپنی تحقیقی خدمات کے حوالے سے نا صرف ملک کے اندر بلکہ ملک سے اہر بھی معروف ہیں۔ ان کی نامزدگی کمیٹی کی مشاورت میں ایک قیمتی اضافہ ہے۔