پاکستان اور ناروے کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا 13 واں دور

اسلام آباد،اوسلو(صباح نیوز)پاکستان اور ناروے کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا 13 واں دور پیر کو اوسلو میں ہوا، بات چیت میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) شفقت علی خان نے پاکستان جبکہ ناروے کی وزارت خارجہ میں علاقائی امور کی ڈائریکٹر جنرل سگنی بروڈسیٹ نے اپنے ملک کے وفد کی قیادت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے دو طرفہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جامع جائزہ لیا اور قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماہی گیری اور بحری شعبے، آب و ہوا، تعلیم، صحت اور پارلیمانی تبادلوں میں مزید تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ناروے میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا۔ بیان کے مطابق فریقین نے پاکستان ناروے تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے لئے رفتار بڑھانے اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق پاکستان ناروے دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور آئندہ سال اسلام آباد میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ہوگا