دہشتگردی کیخلاف خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، محسن نقوی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع شانگلہ میں پولیس چوکی پر   دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

محسن نقوی نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی شہادت پر دکھ و افسوس جبکہ شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ زخمی ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں، خیبرپختونخوا پولیس کے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان نے شہادت کا اونچا رتبہ پایا، شہدا ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، اس جنگ میں کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔