پاکستان میں 300 بنگلہ دیشی طلبا و طالبات کو مکمل مالی معاونت کے ساتھ وظائف ملیں گے

اسلام آباد(صباح نیوز)بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں خوشگوار تبدیلی آرہی ہے ۔ پاکستان  میں 300 بنگلہ دیشی طلبا و طالبات کو مکمل مالی معاونت کے ساتھ وظائف فراہم کیے جائیں گے ۔پی ٹی وی نیوز  کے مطابق  سکالرشپ پروگرام کو پاکستان کی وزارتِ تعلیم کی حمایت اور معروف جامعات مثلا نسٹ، کامسیٹس اور لمز کی معاونت حاصل ہے۔ ایک آن لائن پورٹل کے ذریعے اس وظائف پروگرام کی تشہیر کی جارئے گی ۔

یہ سکالرشپس دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تبادلوں اور ثقافتی روابط کو بڑھانے کی کوشش ہیں۔بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی انتظامیہ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات خراب رہے تاہم یہ ان کی معزولی کے بعد سے بہتر ہوئے ہیں۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے ستمبر میں کہا تھا، اسلام آباد خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بنگلہ دیش کے ساتھ “مضبوط، کثیر جہتی اور دوستانہ تعلقات” کا خواہاں ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ستمبر میں نیویارک میں بنگلہ دیشی رہنما ڈاکٹر یونس سے ایک تقریب میں ملاقات کی جو انہوں نے اقوامِ متحدہ میں بنگلہ دیش کی رکنیت کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی۔