سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آپریشنز، 43دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5روز کے دوران کیے گئے آپریشنز میں43 دہشتگرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق 12اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی۔ فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 9 دسمبر 2024 ء سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں 13دسمبر کو موسی خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشتگرد مارے جاچکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔