اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف میں وضع کردہ صحت سے متعلق اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہے۔ عالمی یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ، پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج (UHC) کیلئے عالمی اقدامات کو سراہتا اور ان کا بھرپور ساتھ دینے کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
رواں برس کے تھیم، “صحت: حکومت کی ذمہ داری ہے ،حکومت کے اس بات کو یقینی بنانے کہ کسی فرد کو اپنی صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ضروریات جیسے کہ خوراک، رہائش یا تعلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے، میں کلیدی کردار کی نشاندہی کرتا ہے، بطور حکومت، ہم کسی شہری کی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر، سب کے لیے صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی بنانے کو اخلاقی طور پر اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہماری قومی سلامتی، خوشحالی اور ترقی پر سمجھوتہ ہوگا یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں کوئی انحراف مول نہیں لیا جا سکتا۔ اس ہدف کے حصول کیلئے، ہماری حکومت نے صحت سہولت پروگرام جیسے اقدامات متعارف کرائے ہیں، جس کی سربراہی وزارت قومی صحت ”صحت سب کے لئے ” کے عنوان سے کر رہی ہے۔
یہ پروگرام، جس کو بین الاقوامی سطح پر ڈبلیو ایچ اوجیسی تنظیموں کی جانب سے پزیرائی مل رہی ہے، معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور طبقات کو ترجیح دیتے ہوئے لاکھوں خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں، ہم صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، دیہی اور دور دراز علاقوں میں خصوصی طور پر انتہائی ضروری و زندگی بچانے والی ادویات تک رسائی کو یقینی بنایا رہے ہیں۔ پاکستان 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) میں وضع کردہ صحت سے متعلق اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہے۔ ہم اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ ایسے فریم ورک تیار کرنے اور مضبوط کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے جو صحت کو بطور بنیادی انسانی حق ترجیح دیتے ہیں۔