مظفرآباد(صباح نیوز)کشمیر کے مسئلے پر معیاری تحقیق کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کی مختلف جہتوں سے آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنے کی غرض سے ایک اہم قدم کے طور پر، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے آزاد جموں و کشمیر کی تمام سرکاری جامعات میں کشمیر ریسورس اینڈ کمیونیکیشن سینٹرز کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یہ اقدام صدر آزاد جموں و کشمیر اور چانسلر سرکاری جامعات، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد تحقیقی بنیادوں پر کشمیر کے حوالے سے مطالعات کو فروغ دینا، ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا اور کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
سرکاری جامعات میں کشمیر ریسورس اینڈ کمیونیکیشن سینٹرز کے قیام کا اعلان آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی قیادت میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔جبکہ چیئرمین ہا ئر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس اقدام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی جامعات، بین الاقوامی تنظیموں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا، ”یہ سینٹرز تحقیقی بنیادوں پر سوچ و فکر کے مراکز کے طور پر ابھریں گے، جو کشمیر کی تاریخ کو محفوظ رکھیں گے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ڈیٹا پر مبنی تحقیق کے ذریعے نمایاں کریں گے۔” انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ یہ مراکز بین الاقوامی روابط قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، تاکہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے شرکا کا خیرمقدم کیا اور اس اقدام کو وضع کرنے میں چیئرمین ایچ ای سی کی رہنمائی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مراکز ڈیجیٹل ٹولز اور مواصلاتی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے ایک مثر بیانیہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اس مشاورتی اجلاس میں وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید پیرزادہ (ویمن یونیورسٹی باغ)، پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی (یونیورسٹی آف کوٹلی)، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر محمد یونس
جاوید (میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف بھمبر)، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل (آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی)، اور سردار ظفر اقبال (ایڈیشنل رجسٹرار، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے مرکز کے نام، وژن، مشن، مقاصد، انتظامی ڈھانچے، اور تحقیقی طریقہ کار پر مشتمل ایک جامع مسودہ پیش کیا۔ ان کی کاوشوں کو، جو ایک قائم شدہ کمیٹی کے ساتھ مشاورت سے تیار کی گئی تھیں، تمام شرکا نے سراہا۔
تفصیلی مشاورت کے بعد، جامعات کے وائس چانسلرز نے اس سینٹرکا نام کشمیر ریسورس اینڈ کمیونیکیشن سینٹر رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اس اہم سینٹر کے ویژن، مشن اور مقاصد کی بھی منظوری دی، جو صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ہدایات کے مطابق ہیں۔وائس چانسلرز نے اپنے اپنے اداروں میں ان مراکز کے قیام کے لیے اپنی مکمل وابستگی کا اعادہ کیا اور اس اقدام کو تحقیق، وکالت، اور عالمی روابط کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ اقدام تحقیق اور علمی سطح پر کشمیر کاز کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو عالمی مباحثے اور عملی اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔٭٭٭