قومی اسمبلی اجلاس میں وزرا کی عدم حاضر ی پر اپوزیشن اور پیپلزپارٹی کے ارکان کا احتجاج


 اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی اجلاس میں وزیروں کی عدم حاضری پر اپوزیشن اور پیپلزپارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ جب تک وزیر نہیں آتے ایوان کی کارروائی موخر کیا جائے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اسد قیصر نے کہاکہ ایوان میں ایک بھی وزیر نہیں ہے اس کی مذمت کرتا ہوں ایوان میں احتجاجا 5منٹ کے لیے ملتوی کردیا جائے ۔ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ وزیروں کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو خط لکھنے کا کہا تھا پارلیمانی سیکرٹری ایوان میں ہیں وہ جواب دیں گے، رائے حسن نواز نے وزارت داخلہ کے حوالے سے سوال کیا جس کے پارلیمانی سیکرٹری ایوان میں نہیں تھے جس پر ایوان میں 15 منٹ کا وقفہ کردیا گیا۔ آغا رفیع اللہ نے ہاتھ جوڑ کر کہاکہ اپنی بھی اور ہماری بھی عزت کا خیال رکھیں اور ایوان کی کارروائی وزیروں کے آنے تک موخر کردیں۔