پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کی فراہمی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ،ایازصادق


اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کی فراہمی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، عالمی برادری نوٹس لے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے ایازصادق نے کہاکہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور زندگی گزارنے کے لیے ایک ضابطہ حیات دیا، نبیۖ کا خطبہ الوداع حقوق العباد اور ضابطہ حیات کا بنیادی جزو ہے، اللہ تعالی کے بنائے ضابطہ حیات میں انسانی حقوق سرفہرست ہیں،

انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی پہچان ہے،دنیا میں ہر فرد، بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب، یا جنس، مساوی حقوق کا حقدار ہے، پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کی فراہمی میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی چارٹر پر دستخط کئے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے

،فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے عالمی برادری فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،عالمی برادری کو فلسطینی اور کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے معاشرے میں انصاف اور مساوات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے،پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق کے تحفظ، مساوات، اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔