اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام چیلنجز کے باوجود ہم انسانی حقوق کے تحفظ اور خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان، صوبائی حکومتوں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کمزور کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے کام کررہا ہے، پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل قانونی اور انتظامی اصلاحات کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انسانی حقوق کے عالمی دن 10 دسمبر 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم معاشرے کی ہر سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں، 1948 کا اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اسلام کے بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ہم انسانی حقوق کے فروغ سے اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشرے کے تمام طبقات بشمول خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں، خصوصی افراد اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے۔ صدر نے کہا کہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ جمہوریت، امن، آزادی اور انسانی حقوق کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے اور عوام کے حقوق کا تحفظ ایک مستحکم اور خوشحال ملک کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود، ہم انسانی حقوق کے تحفظ اور خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان، صوبائی حکومتوں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر، کمزور کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے کا پیکج، انسانی حقوق کے لیے ایکشن پلان اور ٹول فری ہیومن رائٹس ہیلپ لائن (1099) جیسے اقدامات انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کے عکاس ہیں۔ پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل قانونی اور انتظامی اصلاحات کر رہا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہمیں غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہیں ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکلوں کا نشانہ بنایا گیا ہے اور انہیں ان کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کی نسل کشی اور قتل عام کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن آئیے عہد کریں کہ مساوات، انصاف اور انسانی وقار پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کی اپنی مشترکہ ذمہ داری ادا کریں گے۔