صدر مملکت وزیراعظم کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ،

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کاروائی کے دوران 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے، ایک کو گرفتار کرنے پر فورسز کو سراہا،صدر مملکت  نے  ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ  پوری قوم فتن الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی،ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ،اپنے بیان میں زیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران دو خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور ایک کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.

وزیرِاعظم  نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کے قابل فخر افسران و اہلکار شب و روز ارض وطن کو دشمن عناصر سے پاک کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں،انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم دھشتگردی کی اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے