پی ٹی اے کا ہفتہ آگاہی برائے سائبر سیکیورٹی 2024 کا آغاز


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے ہفتہ آگاہی برائے سائبر سیکیورٹی 2024کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے جو 9 دسمبر سے 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔

اس ہفتہ کا مقصد انفرادی اور صارفین کی سطح پر ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، جس میں آن لائن سیکیورٹی، ڈیٹا پرائیویسی، اور سائبر کرائمز کے قانونی پہلوں پر روشنی ڈالی جائے گی، جیسا کہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 (PECA) میں درج ہے۔پی ٹی اے اس دوران ماہرین کی موجودگی میں پینل ڈسکشن کا اہتمام کرے گا تاکہ افراد اور اداروں کو سائبر خطرات سے بچاؤ پر مبنی اہم معلومات فراہم کی جا سکے۔

پی ٹی اے کی جانب سے شہریوں، کاروباری  اور تعلیمی اداروں کو مدعو کیا جاتا ہے کہ وہ پی ٹی اے کے سوشل میڈیا ہینڈلز پر موجود مواد کو دیکھیں، پوسٹ اور شیئر کریں اور  پاکستان کے سائبر ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔