اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی صورتحال اور پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں وزیراعظم نے محفوظ انخلا کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے اقدامات لیے جائیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کے ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رہیں، اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔