لاہور (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کیے جائیں۔ نواز شریف نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری خصوصا اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو ایس آئی ایف سی کے تناظر میں بیرونی سرمایہ کاری میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں 26نومبر کے واقعات اور سول نافرمانی کی کال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ نواز شریف اور وزیراعظم نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ملکی ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی تو شہباز شریف نے کہاکہ سربراہ جے یو آئی کو مدارس بل پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ ملاقات میں ملکی معاملات پر حکومتی اتحادیوں سے مشاورت اور اعتماد میں لینے پربھی اتفاق ہوا۔
وزیر اعظم نے پارٹی قائد کو سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی سے بھی آگاہ کیا جبکہ نواز شریف اور وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے نواز شریف کو دورہ سعودی عرب کی رپورٹ پیش کی۔
بعد ازاں دونوں رہنمائوں نے جاتی امرا میں والدین کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں مصروف دن گزارا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سیاسی مشیر اور وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ اور رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف سے ان کے سیاسی مشیر اور وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی ملاقات کے لیے وزیراعظم کی رہائشگاہ پہنچے اور سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے امور پر گفتگو کی۔ شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ ۔ ذولفقار احمد بھنڈر، رضا حیات ہراج نے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے رضا حیات ہراج سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ، رہنما مسلم لیگ (ن) میاں مرغوب احمد اور حافظ میاں محمد نعمان نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔