پاکستان کی تمام سیاسی ،مذہبی اور سماجی جماعتیں کشمیر اور فلسطین پر ہم آواز اور متحد ہیں، سراج الحق


 اسلام آباد(صباح نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی ،مذہبی اور سماجی جماعتیں مسئلہ کشمیر اور مسلہ فلسطین پر ہم آواز اور متحد ہیں  اور ہم موجودہ حکومت سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ مسلہ کشمیر اور مسلہ فلسطین کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اپنے زیر صدارت فرینڈز آف فلسطین اور کشمیر کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،یہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا اس اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک وفد جسکی قیادت حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینئر حریت رہنما فاروق رحمانی ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر/ گلگت بلتستان ڈاکٹرمشتاق خان،سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ،جنرل سکرٹری کل جماعتی حریت کانفرنس پرویز احمد ،حاجی محمد سلطان سکرٹری اطلاعات حریت کانفرنس مشتاق احمد بٹ ،امتیاز احمد وانی،زاھد صفی،محمد اشرف ڈار، سید گلشن احمد، سکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر جہانگیر خان،راجہ ظہیر خان، بلال الاسطل(ڈی جی فرینڈز آف فلسطین)عبدالرحمن السدیس (سربراہ سیاسی بیورو فرینڈز آف فلسطین) نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوث بلال الاسطل اور عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ  مزاحمت کا آغاز ہے۔ ہم نے دنیا کو اسرائیل کا نسل کش چہرہ دکھا دیا ہے۔ جو آج سب دنیا کے سامنے ہے ، واضح ہے یہ 1948 سے ہم پر بیت رہا ہے، اس اقدام سے فلسطینی دنیا کو اپنی طرح متوجہ کرنے میں کامیاب رہے اور بہت سارے ممالک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے آزاد انسان ہمارے آزادی کے حق کو تسلیم کریں۔ فلسطینی عوام بہادر ہیں اور اپنے وطن کی آزادی کے لیے کسی بھی قیمت پر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری عوام ہمارے درد کو جانتے ہیں، انکا اور ہمارا معاملہ یکساں ہے۔اجلاس سے اپنے خطاب میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی پاکستان اور بائیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یقین دلاتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ آپکی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔

جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے جابررانہ اور غاصبانہ قبضہ سے اور فلسطین اسرائیل کے پنجہ غلامی سے آزاد نہیں ہو جاتا تب تک پوری پاکستانی قوم آپ کی حمایت کرتی رہے گی  اور ہم یہ بھی یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی تمام سیاسی ،مذہبی اور سماجی جماعتیں مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر ہم آواز اور متحد ہیں  اور ہم موجودہ حکومت سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ  مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حالات انتہائی گھمبیر اور سخت ہے لیکن انشااللہ ہم ثابت قدمی کا مظاہرہ کرکے ان کو عبور کرلینگے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم نے فلسطین اور کشمیری قیادت کو اس لئے یکجا کیا تاکہ ہم تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ ہم بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سمجھتے ہیں ۔کشمیر میں بھارت کو اسرائیل مدد کرتا ہے اور اسی طرح فلسطین میں بھارتی فوج فلسطینی لوگوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔ لیکن ہم ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کرتے ہیں اور انشا اللہ ہم اپنی اس مبنی برحق جدوجہد میں سرخرو ہونگے۔اجلاس کے آخر فلسطین اور کشمیری شہدا کے بلند درجات اور امت کی کامیابی و کامرانی کی دعا کی گئی۔