وزیراعظم کی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ساڑھے تین فیصد تک آنے پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم  شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ساڑھے تین فیصد پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی اور چار اکتوبر 2018 کے بعد پرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بطور خادم پاکستان وہ اپنے کئے گئے ہرعہد پرقائم ہیں، روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے، بیرون ملک سے ترسیلات زر اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ پاکستان کی ترقی کے سفر کی عکاسی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں اور ملکی ترقی کے سفر میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔