سری نگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے سری نگر کے علاقے نٹی پورہ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے عبدالحمید نامی شہری کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران کئی اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات قبضے میں لیے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ یہ چھاپہ ایک ایسے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی کوشش کا حصہ تھا جو بھارت مخالف جذبات کو بھڑکانے کیلئے ایک من گھڑت بیانہ پھیلانے میں ملوث ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں مزید چھاپوں کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی پولیس نے گزشتہ ہفتے بھی سرینگر کے علاقوں بٹہ مالو اور ایچ ایم ٹی میں اوبیس ریاض ڈار اور ساحل احمد بٹ کے گھروں پر چھاپے مارے تھے ۔ ان دو نوں پر بھی ایک ایسے ہی نیٹ ورک میں شامل ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ بے لگام بھارتی فورسز نے کشمیریو ں کو تحریک آزادی کے ساتھ وابستگی پر سزا دینے کے لیے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ،گھروں پر چھاپو ں اوربے گناہ کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔