الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات

لاہور(صباح نیوز)چیئرمین والنٹیئر مینجمنٹ و مرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا ہے کہ 60 ہزار نوجوان خود کو بطور رضاکار الخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ کر واچکے ہیں اور یہ نوجوان مسلسل ہمارے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حالات کی سنگینی کے باعث نوجوان مایوس ہیں، لیکن ہم نے الخدمت کے پلیٹ فارم کو ان کیلئے امید کا ذریعہ بنایا ہے۔ مینجمنٹ سسٹم پورٹل کے ذریعے نوجوانوں کی رجسٹریشن کے بعد انہیں اسکل ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کیے اوران کیلئے بے شمار کورسز کا اہتمام کیا گیا تاکہ نوجوان اپنی زندگی کو بہتر بنا سکیں اور اپنی خواہشات کے مطابق باعزت زندگی گزار سکیں۔گزشتہ برس مئی میں ہم نے سرسبز پاکستان کے مشن کا آغا ز کیا اوراب تک12لاکھ سے زائدپود ے لگاچکے 20لاکھ جلد مکمل ہوں گے اور ہماراٹارگٹ ایک کروڑ پودے لگانا ہے یہ سب ان نوجوان رضاکاروں کے ذریعے ممکن ہورہاہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے والنٹیئر مینجمنٹ پروگرام کے تحت ہم نے مختلف طبقات کیلئے کلب قائم کئے جن کا مقصدمحروم طبقات کوقومی دھارے کا حصہ بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے پر منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم، ریجنل صدر الخدمت رضوان احمد، سینئر نائب صدر سید امجد حسین شاہ، صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک، والنٹیئر مینجمنٹ ہیڈ محمد صنان اکبر کے علاوہ مختلف یونیورسٹیزو کالجز کے پروفیسرز، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کا بنوقابل پروگرام کروڑوں نوجوانوں کواپنے اندرسمونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پورے پاکستان میں یوتھ ایونٹس منعقد کرنے کامقصد خدمت خلق کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے انھیں پاکستان کاسرمایہ بناناہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن مختلف تعلیمی اداروں میں موجود طلبہ وطالبات کیلئے بھی خدمت کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے،اب تک  100سے زائد یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن کرچکے ہیں ان یونیورسٹیز کے طلبہ وطالبات کوانسانیت کی خدمت اور اپنے صلاحیتوں کونکھارنے کے بے شمارمواقع میسرآئیں گے۔