اسلام آباد(صباح نیوز)سی ڈی اے میں کام کرنے والے76سب اسسٹنٹ ملازمین کی بطور سینئر اسسٹنٹ پروموشن کروادی گئی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،اسی حوالے سے ملازمین میں پروموشن لیٹرتقسیم کرنے کے سلسلے میں تقریب سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی یونین آفس میں منعقدہوئی،تقریب میں پرموٹ ہونے والے ملازمین نے سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یسین اورانکی پوری ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ سی ڈی اے مزدور یونین ہی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے جو ملازمین کی بلاتفریق خدمت کررہی ہے جس سے ادارے کا مزدور خوشحال ہوا ہے اور انکے گھروں میں خوشحالی آئی ہے اس موقع پر ہم سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین اورانکی ٹیم کاشکریہ اداکرتے ہیں اور انھیں اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں،
تقریب میں ترقی پانے والے ملازمین کومبارکباد دیتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے فیلڈ سٹاف اور سی ڈی اے میں کام کرنے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور تمام محنت کشوں کے سکیل اپ گریڈ کروائے،مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بے شمار الانس دلوائے گئے اور ان میں سوفی اضافہ کروایا،ملک کے مشکل ترین حالات کے باوجود ادارے میں کام کرنے والے سات ہزارملازمین کی ٹائم سکیل اور ہزاروں کی تعدادمیں پروموشن کروائی،سی ڈی اے میں کام کرنے والے فیلڈ سٹاف کے لوگ ہوں یا تعلیم یافتہ کلیریکل سٹاف تمام باشعور لوگ سی ڈی اے مزدور یونین پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہیں،،سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنے ملازمین کو ہمیشہ حقوق کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا بھی درس دیا کیونکہ جب ادارے ترقی کرتے ہیں تو ادارے کا ملازم خوشحال ہوتا ہے،ٹریڈ یونین کی سیاست کو عبادت کا درجہ دیا کبھی منافقت اور جھوٹ کا سہارا لے کر ملازمین کو بیوقوف نہیں بنایا جبکہ نا اہل اور بچہ جمہورہ یونین نے ہمیشہ ملازمین کو سبز باغ دکھا کر ان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن ان جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والوں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ ریفرنڈم کے میدان میں محنت کشوں کا مقابلہ کرسکیں لیکن سی ڈی اے مزدور یونین انشا اللہ ان بہروپیوں کو ریفرنڈم کے میدان میں لاکر عبرت ناک شکست سے دوچارکرے گی،تقریب کے اختتام پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یسین نے ادارے کے76سب اسسٹنٹ ملازمین میں بطورسینئر
اسسٹنٹ پروموشن کے لیٹرزتقسیم کیے۔