پاکستان کافلسطینی ریاست کے قیام کی قرارداد کا خیر مقدم، مسلہ کشمیر کے پر امن حل کا مطالبہ


اسلام آباد : پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطینی ریاست کے قیام کی قرارداد کا  خیر مقدم کیا ہے ۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ  نے کہا کہ پاکستان پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے سے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے لیکن بھارت کی جانب سے اس خواہش کا اظہار نظرنہیں آتا۔پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں سے بھارتی حکومت کی جانب سے جائیدادیں ہتھیانے کی مذمت کرتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی سیاسی اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں مذہبی مقامات پر حملے تشویش ناک ہیں، پچھلے کچھ برسوں کے دوران بھارت میں مساجد اور درگاہوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت کو مسلمانوں کی مذہبی آزادی، عزت آبرو کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک بنگلہ دیش کے ساتھ روابط جاری رکھیں گے، دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے پرسوں خالدہ ضیا سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات بہتر کرنے اور بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔پالیسی کے تحت ہم دیگر ممالک باہمی تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، یہ میزبان ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہمان سفارت کاروں اور سفارتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔افغانستان میں عورتوں کی تعلیم اور نرسنگ کے شعبے پر طالبان حکومت کی جانب سے عائد پابندی پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر مرد اور عورت کا حق ہے، اور اسلام عورتوں کو جائیداد کا حق بھی دیتا ہے۔سابق ریٹائرڈ فوجی افسروں کی بطور پاکستانی سفیر تعیناتی کی بابت پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ان کے پاس بیرونی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کی فہرست نہیں، سفیر مقرر کرنا حکومت کا اختیار ہے۔  پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور اپنے لوگوں کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کے بارے میں معلومات نہیں، پاکستان عافیہ صدیقی کے مقدمے کی پیروی کے لیے پر عزم ہے اور دفتر خارجہ اس سلسلے میں سہولت جاری رکھے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2 سے 3 دسمبر ریاض سعودی عرب کا دورہ کیا، انہوں نے ورلڈ بینک، فرانس، قازقستان اور دیگر ممالک کے اشتراک سے ون واٹر کانفرنس میں شرکت کی اور سائیڈ لائن پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔اس ہفتے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشہد میں ہونے والی ای سی او کانفرنس میں شرکت کی، سائیڈ لائن ملاقاتوں میں انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان کے مطابق وزیر توانائی نے روس کے دورے میں توانائی، تعلیم، صنعت سے متعلق 8 معاہدات پر دستخط کیے، وزیر توانائی کے دورہ روس میں دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں سے متعلق مسائل پر بات کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز نائب وزیراعظم نے سفارتی کور سے ملاقات کی اور ان کو یقین دہانی کروائی کہ سفارت خانوں اور سفارتی عملے کی ہر صورت حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔بیرون ممالک پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار بدلتے رہتے ہیں، خلیجی ممالک میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پاکستانی صحافی مطیع اللہ جان کے بارے میں ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مطیع اللہ جان کو عدالتوں میں پیش کیا گیا، جو اپنے شہریوں کو ریلیف دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔