ملک و قوم کو انتقامی سیاست سے نجات اور معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ شہباز حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ، عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے، ایک طرف حکمران مہنگائی میں کمی کا واویلا کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ پاکستان خطے میں سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے، عوام کا معیار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر واقعی میں ملک کے اندر استحکام لانا چاہتی ہے تو ایسے وزیروں اور مشیروں سے جان چھڑوائے جو پاکستان کے اندر انتشار کی فضا ء قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان کسی بھی قسم کے غیر سیاسی طرز عمل کا متقاضی نہیں ہو سکتا۔وقت کا تقاضا ہے کہ جمہوری اقدار کی ترویج اور مضبوط جمہوری نظام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈر آئین و قانون کے دائرکارہ میں رہتے ہوئے کام کریں ۔مگر المیہ یہ ہے کہ کسی کو بھی عوام کو فکر نہیں ہے ۔ مسائل نے لوگوں کو جینا محال کر دیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم 47کے جعلی مینڈیٹ پر قائم ہونے والی حکومت نا اہلوں پر مشتمل ہے ان کے پاس صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ملک و قوم کو انتقامی سیاست سے نجات اور معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے ۔ حکومت بو کھلاہٹ کا شکار ہے ۔ پی ڈی ایم ٹو کی پالیسیاں نا قابل فہم اور مایوس کن ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے شہباز حکومت اپنے لئے خود مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے ۔

پورے ملک میں اضطراب کی کیفیت ہے ۔ انٹرنیٹ کی بندش سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ملک و قوم کو ایسی بند گلی کی طرف دکھیلا جا رہا ہے جہاں تباہی کے سوا کچھ نہیں ، حالات پہلے ہی بہت گھمبیر اور مسائل کے ابنار لگے ہیں ۔25کروڑ عوام میں مایوسی پھیلتی چلی جا رہی ہے ۔ ملکی حالات تیزی سے ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ہمسایہ ممالک ترقی کی دوڑ میں آگے نکل چکے اور ہمارے حکمران اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے لئے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کو مشکلات سے نکال سکے اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے ۔ملکی تاریخ گواہ ہے کہ گزشتہ 76برسوں سے ملک پر اشرافیہ قابض ہے جیسے عوام کی مشکلات کے حل سے کوئی غرض نہیں