میاں چنوں واقعہ قابل مذمت، انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کھل کر سامنے آگئی ،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میاں چنوں میں ہونے والا واقعہ قابل مذمت ہے۔ جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ سیالکوٹ واقعے کے بعد وزیر اعظم  عمران خان نے آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے بلند وبانگ دعوے تو کیے تھے مگر عملی اقدامات نہیں۔ حکمرانوں نے اگر سنجیدگی سے سیالکوٹ سانحہ کا نوٹس لیا ہوتا تو میاں چنوں کا یہ واقعہ کبھی رونما ہی نہ ہوتا۔ کسی شخص کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے۔ کسی بھی شخص کی عزت، جان ، مال کچھ بھی محفوظ نہیں ہے ۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے علماء کرام سمیت ریاست کے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام امن اورومحبت و اخوت کے پیغام کو عام کرنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے جیسے تہوار معاشرے میں فحاشی و عریانی کا سبب بن رہے ہیں۔ اسلامی معاشرے میں ایسی خرافات کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ کچھ مادر پدر آزاد خیال ہمارے خاندانی نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ان کا راستہ نہ روکا گیا تو نتائج خطرنا ک ہوںگے۔

محمد جاوید قصور ی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کو کسی صورت میں بھی سیکولر ریاست نہیں بننے دیںگے۔ یہ اسلام کے نام پر وجود میں آئی تھی ، اس میں اللہ اور اس کے رسول ۖ کا ضابطہ حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔