اسلام آباد (صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بین الملکی تعلقات کی بہتری کے لیے ثقافتی سفارت کاری اہم ہے۔وزارتِ خارجہ میں پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن(پفوا)چیئریٹی بازار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئریٹی بازار کا مقصد پسے ہوئے طبقات کی فلاح میں حصہ ڈالنا ہے، چیئریٹی بازار لوگوں کو مختلف ثقافتوں کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہر ملک کی ثقافت ایک الگ پہچان رکھتی ہے، پفوا چیئریٹی بازار کا انعقاد بھی سفارتکاری کا حصہ ہے، پفوا چیئریٹی بازار کا انعقاد مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کے حوالے سے اہم ہے، نمائش ثقافتی شوز بھی پفوا چیئریٹی بازار کا حصہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پفوا چیئریٹی بازار کے انعقاد پر منتظمین کو سراہتا ہوں، چیئریٹی بازار کے لیے سفارت کاروں کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں وویمن ایسوسی ایشن چیرٹی بازار کا افتتاح کردیا۔
اتوار کو دفتر خارجہ میں چیرٹی بازار کی افتتاحی تقریب کا انعقااد کیا گیا جس میں ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان فارن آفس وویمن ایسوسی ایشن سالانہ چیرٹی بازار 2024 کا افتتاح کیا۔چیرٹی بازار میں مختلف سفارتخانوں کی جانب سے سٹال اور اپنے اپنے ملکوں کی ثقافتی نمائش کا اہتمام کیاگیاہے۔اس موقع پر غیر ملکی سفارتکار اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بھی چیریٹی بازار میں موجود تھی۔وزارت خارجہ کے آفیسران کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔اس بازار کا مقصد معاشرے میں مستحق اور کمزور طبقات کی معاونت اور فلاح کرنا ہے۔