عمران خان کی وجہ سے سب چور ایک ہو رہے ہیں، فواد چوہدری


پنڈداد نخاخان(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے سب چور ایک ہو رہے ہیں، اسحاق ڈار، نواز شریف کی جرات نہیں کہ واپس آکر کیسز کا سامنا کریں،بلاول بھٹو مدرسے کے بچوں کے کندھے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، قوم کا لوٹا پیسہ واپس کر دیں، عمران خان کی وجہ سے سب چور ایک ہو رہے ہیں،نواز شریف اور ان کے بیٹے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار، نواز شریف کی جرات نہیں کہ واپس آکر کیسز کا سامنا کریں، معیشت جن کی وجہ سے تباہ ہوئی وہ کہتے ہیں مہنگائی ہوگئی، ان کے ملازم کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے نکل آئے، منظور پاپڑ والے کے اکاؤنٹ سے ڈھائی ارب روپے نکلے ہیں، منظور پاپڑ والے کا ایڈریس پنڈ داد نخان کا ہے، عمران خان کہتے ہیں لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مزدور اور تاجر کو لوٹا گیا، لوٹا ہوا پیسہ واپس آنے تک انہیں معاف نہیں کریں گے، بلاول بھٹو مدرسے کے بچوں کے کندھے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، سیاست اپنے بل بوتے پر کی جاتی ہے،بلاول بھٹو والد آصف زرداری کی نہیں بلکہ والدہ بینظیر بھٹو کی سیاست کریں۔انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے نانا سے سیکھیں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد سے کی جاتی ہے۔ بلاول سے کہوں گا پہلے الیکشن لڑنا سیکھ لیں، اپنی سیاست فضل الرحمان کو ٹھیکے پر دینے سے نہیں چلے گی، انہوں نے 7 بار حکومت گرانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ مغرب اسلامو فوبیا سے متعلق عمران خان کی بات سنتا ہے،چین کا صدر بات غور سے سنتا ہے، 23 سال بعد   کوئی وزیراعظم روس جارہا ہے۔