مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کا سرینگر میں تلاشی آپریشن ، گھروں پر چھاپے

سری نگر : مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی( این آئی اے) اور بھارتی فورسز نے سری نگر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران کئی گھروں پر چھاپے مارے۔ پونچھ میں بھارتی فوج کا ایک مزدور بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہو گیا،

کے پی آئی کے مطابق  بھارتی این آئی اے کی ٹیموں نے پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ  سرینگر شہر کے بٹہ مالواور ایچ ایم ٹی سمیت متعدد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی عمل میںلائی۔بٹہ مالو او ر ایچ ایم ٹی میں اوبیس ریاض ڈار اور ساحل احمد بھٹ کے گھروں کی تلاشی لی۔ بھارتی فورسز نے  تلاشی کے دوران اہم دستاویزات ، موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لیے۔ اس دوران وادی کے کئی علاقے مسلسل بھارتی فوجی محاصرے میں ہیں،

کشتواڑ میں بھی قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے اس دوران کئی افراد کی گرفتاری کے علاوہ لوگوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،علاوہ ازیں قابض فوج کا مزدور جموں خطے کے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب واقع علاقے شاہ پور میں بارودی سرنگ کی زد میںآیا۔ سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں اسکا بائیاں پائوں  زخمی ہو گیا۔زخمی مزدور محمد قاسم کو ایک فوجی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔