سرینگر ، لبریشن فرنٹ رہنما وجاہت بشیر انتقال کر گئے،بٹہ مالو کے آبائی قبرستان میں سپر دخاک


سرینگر(صباح نیوز ) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سرکردہ رہنمائوجاہت بشیر قریشی طویل علالت کے باعث جمعہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہر سری نگر میں انتقال کر گئے۔ وجاہت قریشی نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی اور بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ قریبا تیرہ چودہ سال وہ بھارتی قید میں رہے ،اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے ، ان کی نماز جنازہ صفاکدل دانا مزار میں ادا کی گئی جس میں لبریشن فرنٹ کے رہنماوں محمد سلیم ذرگر ، اقبال گندرو، جاوید احمد ذرگر ،جاوید احمد میر ، ہارون کشمیری ،شکیل احمد بخشی ،پرنس محمد سلیم اور دیگر رہنماوں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،بعد میں انہیں بٹہ مالو سرینگر کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ،مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کے حریت رہنماؤں نے ان کی موت پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سرینگر اور اسلام آباد میں اپنے الگ الگ بیانات میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔سینئر حریت رہنماء و جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی،پارٹی کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون ،جنرل سیکریٹری سید پرنس سلیم اور دیگر رہنماوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء وجاہت بشیر قریشی کے انتقال پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے اپنے تعزیتی مشترکہ بیان میں انہوں نے وجاہت بشیر قریشی کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے