تہران (صباح نیوز)حکومت ایران نے کرم ایجنسی میں دہشت گردی پر حکومت پاکستان اور شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس سوشل نیٹ ورک پر لکھا ہے کہ ہم پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی کہ جس میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے، شدید مذمت کرتے ہیں۔سید عباس عراقچی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کسی بھی شکل اور صورت میں ہو قابل مذمت ہے کہا کہ ایران اور پاکستان کا مشترکہ ہدف دہشت گردی کا موثر مقابلہ کرنا ہیاور ایران دہشت گردی کی بیخ کنی کے تعلق سے دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کی تقویت کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
حکومت ایران کے ترجمان نے بھی کرم ایجنسی میں دہشت گردی پر حکومت پاکستان اور شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد میں واقع ایرانی سفارت خانے نے بھی کرم ایجنسی میں پاراچنار سے پشاور جانے والے مسافروں کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی سے پورے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ دہشت گردی جہاں بھی اور جس شکل میں ہو وہ قابل مذمت ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پاکستان کے علاقے پاراچنار سے پشاور جانے والی متعدد مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے جبکہ 34 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور اب بھی متعدد افراد لاپتہ ہیں۔