لاہور(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ۔ا نہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں 33 بے گناہ شہریوں کی شہادت ایک المناک سانحہ ہے جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اس واقعے میں معصوم بچوں، خواتین اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا، جو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے ڈسکہ میں بہو کی سسرالی رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل اور وحشیانہ انداز میں جلائے جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس گھنائونے فعل کی شدید مذمت کی ہے -انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ بلوں کی منظوری کے باوجود عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں – انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔انہوں نے حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کے مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور دہشتگردی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کا دوبارہ سدباب کیا جا سکے۔ڈاکٹر حمیرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اتحاد و یکجہتی سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کوناکام بنائیں۔