بلدیاتی ایکٹ 2024کی اسمبلی سے منطور ی وقت اور حالات کاتقاضاہے، ڈاکٹر محمد مشتاق خان


اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی نمائندوں کی کمیٹی کے تیار کردہ مجوزہ مسودے کی حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسمبلی کا اجلاس بلاکر منظور کرائے،بلدیاتی ایکٹ 2024کی اسمبلی سے منطور ی وقت اور حالات کاتقاضاہے،بلدیاتی الیکشن میں ریاستی آئینی شق 3ڈی کے تحت الیکشن کمیشن کو مکمل اختیارات دیے جائیں جو حکومت کے پاس ہیں،فنانس کمیشن کے ذریعے لوکل کونسلرز کو وسائل فراہم کیے جائیں،،لوکل گورنمنٹ کا بجٹ ایم ایل ایز کی بجائے بلدیاتی اداروں کو منتقل کیے جائیں،لوکل گورنمنٹ کے رولز آف بزنس از سر نو طے کرکے مقامی سطح پر تمام ترقیاتی سرگرمیاں لوکل گورنمنٹ نمائندگان کے تابع کی جائیں،

ان خیالات کااظہارانھوں نے بلدیاتی نمائندگان آزاد کشمیرکے ترجمان ڈسٹرکٹ کونسلر جاوید عارف عباسی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ڈسٹرکٹ کونسلر جاوید عارف عباسی نے ڈاکٹر محمد مشتاق خان سے  بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کے حوالے سے ملاقات کی،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے مکمل تعاون کا یقین دلایا،اس موقع پر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ حلقہ بندیاں آبادی کے مطابق وارڈز سے لے کر یونین کونسلز اور دیگر ادارہ جات تک کی جائیں،ایک طے شدہ فارمولے اور مساوات کے مطابق کی جائیں تاکہ عوام کوریلیف ملے،

انھوں نے کہاکہ مظفر آباد اور میرپور کو میٹرو پولیٹن سٹیز قراردیاجائے، ریاست کو پرامن بنانے کے لیے مصالحتی انجمن قائم کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر تنازعات حل کیے جائیں وسائل کے درست استعمال اور شفاف بننے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام قائم کیاجائے،ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاکہ جمہوری ممالک میں بلدیاتی نظام راج ہیں اور اس کے ذریعے عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہوتے ہیں۔عوام بھی کسی نہ کسی سطح پر حکومتی نظام میںشریک ہوتے ہیں۔جماعت اسلامی بلدیاتی نمائندوںکو بااختیار اور باوسائل بنانے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔