فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی غزہ کی پٹی پر جاری صہیونی جارحیت کے خلاف عالمی عوامی تحریک میں شدت لانے کی اپیل


غزہ(صباح نیوز)فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے غزہ کی پٹی پر جاری صہیونی جارحیت کے خلاف عالمی عوامی تحریک میں شدت لانے کی اپیل ۔بدھ کے روز حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی عرب اور اسلامی قوموں اور دنیا کے آزاد انسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی پٹی پر جاری صہیونی جارحیت، شمالی غزہ کے ظالمانہ محاصرے، اور نہتے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی و بھوک کی جنگ کی مذمت کرتے ہوئے آئندہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں۔ ہر شہر، دارالحکومت، اور میدان میں نکلیں اور صہیونی ریاست اور اس کے حامی ممالک کے سفارت خانوں کا گھیرا کر کے اپنی آواز بلند کریں۔ہم اس احتجاج کے ذریعے غزہ کے معصوم اور مظلوم عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار، امریکی، برطانوی، اور جرمن حمایت میں جاری اس جارحیت کو بے نقاب، اور صہیونی جرائم کے خلاف عالمی برادری کو متحرک کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

آئیے! آوازِ حق کو بلند کریں۔ غزہ کی پٹی میں صبر و استقامت کے ساتھ ظلم کا سامنا کرنے والا ہمارا ثابت قدم عوام پوری امت اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے عملی شرکت اور ہر ممکن دبا کی امید رکھتا ہے تاکہ یہ جارحیت ختم ہو اور فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی بند کی جا سکے۔