باکو میں یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات


باکو(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ایڈمنسٹریٹر اچیم سٹینر نے بدھ کو آذربائیجان کے شہر باکو میں کاپ 29 کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور یو این ڈی پی کے ایڈمنسٹریٹر نے پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے موافقت، سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے امداد اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی رعایتی مالیات تک رسائی اور اس سال 22 اور 23 ستمبر کو نیویارک میں منعقدہ “سمٹ آف دی فیوچر کانفرنس کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے پر زور دیا۔