ظالمانہ نظام کا خاتمہ اوراسلام کے عادلانہ نظام میں ہی ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے ،نائب امیرحافظ نصراللہ چنا


کراچی(صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرحافظ نصراللہ چنا نے کہاہے کہ ظلم کے نظام کا خاتمہ اوراسلام کے عادلانہ نظام میں ہی ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لیے کامیاب زندگی گذارنے کا مثالی نمونہ ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے لقمان کوریجہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ آج کشمور سے لیکرکشمیروفلسطین تک ظلم کا نظام ہے ۔فرسودہ نظام اورکرپٹ قیادت نے پوری امت کوکھوکھلا کردیا ہے۔جب تک لوگ ظالمانہ نظام اورظلم کرنے والوں کا ساتھ دیکر استقبال اورہارپہناتے رہیں گے اس وقت تک امن و سکون اورنہ ہی مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔آج کشمیر وفلسطین پرظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ،نسل کشی اورلوگوں کو بھوکہ وپیاسہ کرکے ماراجارہاے،انسانیت سسک رہی مگرتمام مسلم حکمرانوں سمیت پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

او آئی سی سے لیکر اقوام متحدہ تک سب ریت کی دیوارثابت ہوئے ہیں۔طرفہ تماشہ یہ کہ اگرکوئی اس انسانیت سوز ظلم کے خلاف پرامن احتجاج کرے تو گرفتارکرکے دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا جاتا جوکہ بے حسی اورغیروں کی غلامی کی انتہا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں فرسودہ نظام کے خاتمے اورعدل کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہدکررہی ہے۔عوام حق کے غلبے اورکرپٹ ٹولے سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔